موغادیشو(این این آئی)صومالی صدر محمد عبداللہ محمد نے پیر کے روز وزیراعظم محمد حسین روبلے کو معطل کر دیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق صدارتی دفتر کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ محمد حسین روبلے چوں کہ کرپشن سے جڑے ہیں، اس لیے صدر نے انہیں معطل کر کے ان کے اختیارات کو ختم کر دیا ہے۔ اس سے ایک روز قبل وزیراعظم اور
صدر کے درمیان انتخابات کی تاخیر کے موضوع پر عوامی سطح پر اختلافی بیانات سامنے آئے تھے۔ ہفتے کے روز وزیراعظم روبلے نے الزام عائد کیا تھا کہ صدر انتخابی عمل کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ صدر اور وزیراعظم کے درمیان جاری اس کشیدگی کی وجہ سے صومالیہ میں دوبارہ سیاسی عدم استحکام کے خطرات پیدا ہو گئے ہیں۔