وزیرستان(این این آئی)جنوبی وزیرستان میں فائرنگ سے پیپلز پارٹی کے رہنما نجیب محسود جاں بحق ہو گئے۔پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماء و سابق امیدوار قومی اسمبلی حلقہ جنوبی وزیرستان نامعلوم افراد کی فائرنگ سے قتل ہو گئے، ناخوشگوار واقعہ جنوبی وزیرستان کے علاقہ
سراروغہ میں پیش آیا، نجیب اللہ محسود گاؤں لدھا سے ٹانک آ رہے تھے کہ سراروغہ کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جانبر نہ ہو سکے، لاش ڈی ایچ کیو ہسپتال ٹانک پوسٹ مارٹم کے لئے منتقل کر دی گئی، نجیب اللہ محسود دو مرتبہ پیپلز پارٹی کی ٹکٹ سے قومی اور صوبائی الیکشن لڑچکے ہیں۔پولیس کے مطابق فائرنگ کے واقعہ کے بعد معاملے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے اور جلد ملزمان کو گرفتار کر لیا جائے گا۔دوسری طرف پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ نجیب محسود کی شہادت پر افسوس ہے، ان کا قتل خیبرپختونخوا میں قیام امن پر ایک سوالیہ نشان ہے، خیبرپختونخوامیں پی ٹی آئی مخالف سیاسی کارکنان ایک کے بعد ایک قتل ہورہے ہیں، حکومت فی الفور نجیب محسود کے قاتلوں کو گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچائے۔