کراچی (این این آئی)سرجانی ٹائون عبداللّٰہ چوک اسٹیشن سے پہلی گرین بس سوا گھنٹے کی تاخیر سے روانہ ہوئی جبکہ کرائے کے معاملے پر ایک شہری مشتعل ہو گیا جس نے شور مچا دیا۔گرین بس سے ناظم آباد جانے والا شہری کرائے کا
سن کر مشتعل ہو گیا جس نے کہا کہ سرجانی ٹائون سے ناظم آباد جانے کیلئے 55 روپے کرایہ مانگ رہے ہیں۔مشتعل شہری نے کہا کہ اس سے کم میں تو چنگ چی پر کرایہ لگتا ہے، یہ سب مل کر لوٹ رہے ہیں۔گرین لائن سروس کی بسیں سرجانی ٹرمینل سے نکلنا شروع ہوئیں تاہم پہلا اسٹیشن لوگوں کے لیے تاخیر سے کھولا گیا، اسٹیشن کے باہر شہری بس کے لیے گیٹ کھلنے کے منتظر رہے۔بزرگ شہری نے شکایت کی کہ کافی دیر سے کھڑے ہیں، بس اسٹیشن کے گیٹ بند ہیں، بس لیٹ آنی تھی تو اطلاع کیلئے کوئی بینر یا نوٹس لگا دیتے۔سیکیورٹی عملے نے شہریوں کو جواب دیا کہ وفاقی وزیرآئیں گے اس کے بعد اسٹیشن کھولا جائے گا۔پہلی گرین بس سوا گھنٹے کی تاخیر کے بعد سرجانی ٹاؤن سے مسافروں کو لے کر روانہ ہوئی۔