اسلام آباد (این این آئی)وزیر مملکت علی محمد خان نے کہا ہے کہ ہمسایہ ملکوں کی نسبت پاکستان میں سب سے سستا پٹرول مل رہا ہے۔ بدھ کو سینیٹ کے اجلاس کے دوران وقفہ سوالات میں پی ٹی آئی کے سینئر رہنما نے کہا کہ عالمی سطح پراشیا کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں، پٹرولیم ڈویژن نے عوام کوریلیف پہنچانے کے لیے سیلزٹیکس کو کم کیا، لائٹ ڈیزل آئل کے سیلزٹیکس کو بھی کم کیا گیا ہے، کسی صورت عوام کے ساتھ زیادتی نہیں کرینگے، حکومت اس وقت کم سے کم
قیمت پرعوام کوپٹرول دے رہی ہے۔انہوںنے کہاکہ بلوچستان پاکستان اورعمران خان کی جان ہے، ہماری حکومت میں صوبے کو نظر انداز نہیں کیا گیا، حکومت اپنے حصے سے زیادہ ہرصوبے کوحق دے رہی ہے۔سی پیک سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ ایم ایل ون منصوبے پرکام ہورہا ہے، ایم ایل ون منصوبے کو متنازع نہیں بنانا چاہیے، یہ کسی حکومت نہیں پاکستان کا پراجیکٹ ہے۔ سی پیک کے ریلوے پراجیکٹ کے حوالے سے ایوان کووزیرریلوے تفصیلی جواب دیں گے۔