منیلا (این این آئی)فلپائن میں سمندری طوفان رائے نے تباہی مچادی ، جس سے ہلاکتوں کی تعداد 208 تک پہنچ چکی ہے۔میڈیارپورٹ کے مطابق 52 افراد اب بھی لاپتہ جبکہ 239 شدید زخمی حالت میں ہیں۔ رائے طوفان سے ہونے والے نقصان کی وجہ سے بڑے پیمانے پر بجلی اور مواصلاتی رابطہ منقطع ہو گیا ، جس سے ریسکیو ٹیموں کو مشکلات کا سامنا ہے۔یاد رہے کیٹگری 5کا
سمندری طوفان فلپائن کے جنوبی ساحل سے ٹکرایا تھا۔ سمندری طوفان کی وجہ سے موسلا دھار بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔انتظامیہ نے اس بات کی تصدیق کی کہ 3 لاکھ سے زائد افراد کو باحفاظت محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ بری طرح متاثرہ علاقوں میں کئی عمارتیں تباہ ہوچکی ہیں، جہاں سے رہائشیوں کو مٹی اور ملبے میں سے اپنے تباہ شدہ گھروں سے سامان نکالتے دیکھا جا سکتا ہے۔ اب تک اندازے کے مطابق 4.2 ملین ڈالرز کا نقصان ہو چکا ہے۔تاہم رائے کی شدت میں کمی واقع ہوئی ہے اور اب 165 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، جو کیٹیگری 2 کے طوفان کے برابر ہے۔واضح رہے کہ فلپائن میں رواں سال کا یہ پندرہواں طوفان ہے جسے اب تک آنے والے طوفانوں میں سب سے شدید سمجھا جا رہا ہے۔