اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک/این این آئی )کے پی کے میں بلدیاتی الیکشن کے موقع پر خیبر بازار دخہ خیل میں پولنگ اسٹیشن کے باہر راکٹ فائر کیا گیا ۔نجی ٹی وی کے مطابق مطابق مشتعل افراد نے پولنگ اسٹیشن میں توڑ پھوڑ کرکے پولیس اہلکاروں کو یرغمال بنا لیا ۔
تفصیلات کے مطابق ضلع کرک کی تحصیل تخت نصرتی کے پولنگ اسٹیشن میں فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق جاں بحق افراد میں پاکستان تحریک انصاف کے ایم این اے شاہد خٹک کا چچا زاد بھائی اور گن مین شامل ہیں، ملزمان فرار ہوگئے۔دوسری جانب ضلع خیبر کے علاقوں ذخہ خیل اور لنڈی کوتل میں مسلح افراد نے پولنگ اسٹیشنوں پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں پولنگ اسٹیشن پر بیلٹ بکس ٹوٹ گئے اور الیکشن مواد کو بھی نقصان پہنچا جبکہ بھگڈر، بے نظمی کے بعد 20 پولنگ اسٹیشنوں پر پولنگ کا عمل روکنا پڑا ،لنڈی کوتل بازار کے ملک نادر شاہ کلے اسکول پر بھی پولنگ اسٹیشن میں مسلح افراد گھس گئے اور بیلٹ باکس توڑ دیے، الیکشن مواد کو نقصان پہنچایا اور عملے کو یرغمال بنالیا۔