لاہور( این این آئی)پاکستانی فلم ساز ثمر من اللہ خان نے اپنی مختصر فلم آئوٹ سوئنگ کے لیے بین الاقوامی اعزاز جیت لیا۔ثمر من اللہ نے یہ اعزاز نیدرلینڈز میں منعقدہ سیونتھ اسپورٹ فلم فیسٹیول روٹرڈیم میں جیتا۔ انہوں نے اپنی اس کامیابی کا اعلان ٹوئٹر پرکیا۔انہوں نے اپنی ٹوئٹ
میں لکھا کہ اسپورٹ فلم فیسٹیول روٹرڈیم کی بہترین فلم کی فاتح آئوٹ سوئنگ ہے۔ یہ اعزاز جیتنے پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ثمر من اللہ کو مبارکبادیں پیش کرنے کا سلسلہ جاری ہے اور ان کی کاوش کو بھی سراہا جارہا ہے۔اسلام آباد کے مضافات میں بنائی جانے والی اس دستاویزی فلم میں سکول میں زیر تعلیم لڑکیوں کو ثقافتی اصولوں سے ہٹ کر، سماجی توقعات کو چیلنج کرتے اور نئے تجربات کرتے دکھایا گیا ہے۔فلم میں ایک کوچ کی لگن دکھائی گئی ہے جو دلچسپی رکھنے والی نوجوان لڑکیوں کو کرکٹ سکھاتا ہے۔ ان لڑکیوں کا تعلق روایتی خاندانوں سے ہے جہاں سب سے چھوٹی 9 سال کی عمر میں، سکول اور کرکٹ کی مدد سے اپنے خوف، پریشانی اور ذاتی لڑائیوں پر قابو پانا چاہتی ہے۔اسی طرح فلم میں کوچ اپنی زندگی کو خطرے میں ڈالنے والی مشکلات کے خلاف ڈٹ جاتا ہے اور لڑکیاں ان اصولوں اور روایات سے دور نظر آتی ہیں جن کی خواتین سے توقع کی جاتی ہے۔