لاہور( این این آئی)63سال کی بوڑھی خاتون 65 سالہ خاوند سے خلع لینے کے لیے عدالت پہنچ گئیں۔سول جج ساحرہ بانو کی عدالت میں چوہنگ کی 63سالہ خاتون
رضیہ بی بی کے خلع کے دعوے کی سماعت ہوئی۔خاتون نے جج کے روبرو موقف اختیار کیا کہ اس کے شوہر کا رویہ اس کے ساتھ انتہائی خراب ہے اس لیے وہ اپنے خاوند محمد صدیق سے خلع چاہتی ہے ۔خاتون نے عدالت میں یہ بھی بتایا کہ اس کا خاوند ہر وقت بیمار رہتا ہے، اور اس کی وجہ سے وہ شدید اذیت کا شکار رہنے لگی ہے۔خاتون نے عدالت سے استدعا کی کہ خلع کی بنیاد پر طلاق کی ڈگری جاری کی جائے۔ فیملی عدالت نے بوڑھی خاتون رضیہ کے شوہر محمد صدیق کو 16 دسمبر کے لیے نوٹس جاری کر دیا۔یاد رہے کہ خلع کا دعوی دائر کرنے والی خاتون 6 بچوں کی ماں، نانی دادی ہے، یہ خاتون کی دوسری شادی ہے جو فروری 2020 میں ہوئی تھی۔