صنعاء (این این آئی)یمن میں آئینی حکومت کی حمایت کرنے والے اتحاد نے صنعا میں ہتھیاروں اور سپلائی کے لیے ایک اہم سٹوریج سائٹ کو تباہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق عرب اتحاد نے تصدیق کی کہ صنعا میں حوثیوں کے ہتھیاروں کے زیر زمین
گوداموں اور محاذوں کے لیے سپلائی کرنے والے اسٹورز کو نشانہ بنایا گیا۔اتحاد نے مزید کہا کہ ہم نے صنعا میں عام شہریوں اور شہری تنصیبات کو نقصان سے بچانے کے لیے تمام ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کی ہیں۔اس سے قبل اتحاد نے صنعا میں آئینی فوجی اہداف پر فضائی حملوں کا اعتراف کیا تھا۔ صنعا میں حملے بین الاقوامی انسانی قانون اور اس کے روایتی اصولوں کے مطابق ہیں۔ بیان میں شہریوں سے اپیل کی گئی تھی کہ وہ نشانہ بنائے گئے اہداف اور تباہ شدہ مقامات پر جمع نہ ہوں۔اتحاد نے کہا تھا کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مآرب میں حوثی ملیشیا کے خلاف 11 ٹارگٹ آپریشنز کیے ہیں۔ انہوں نے وضاحت کی کہ مآرب میں حوثی ملیشیا کیخلاف حملوں میں 7 فوجی گاڑیاں تباہ اور 60 سے زائد جنگجو ہلاک ہوئے۔