اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت نے باضابطہ طور پر اعتراف کیا ہے کہ انتہائی جدید میراج 2000 طیارے سمیت بھارتی فضائیہ کے سات طیارے گزشتہ دو سال کے دوران گر کر تباہ ہوئے ہیں۔
روزنامہ جنگ میں صالح ظافر کی شائع خبر کے مطابق بھارتی حکومت نے پارلیمنٹ میں ا س بات کا اعتراف کیا ہے کہ مجموعی طور پر سات طیارے گزشتہ دو سال کے دوران گر کر تباہ ہوئے ہیں جن میں سے میراج طیارہ حال ہی میں ریاست مدھیہ پردیش میں گر کر تباہ ہوا ہے۔ بھارتی وزیر نے پارلیمنٹ میں بیان دیتے وقت اس طیارے کا حوالہ نہیں دیا جو پاک فضائیہ نے فروری 2019ء میں کشمیر میں مار گرایا تھا جبکہ اس کے پائلٹ ابھی نندن کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔ بھارتی وزیر دفاع اجئے بھٹ نے لوک سبھا میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ حادثے کی تحقیقات کیلئے کورٹ آف انکوائری تشکیل دیدی گئی ہے جو اپنی سفارشات پیش کرے گی۔