اسلام آباد (نیوز ڈیسک) گزشتہ مالی سال 63کروڑ ڈالر مالیت کے موبائل فون درآمد کئے گئے۔ وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق مالی سال 2014-15ء کے دوران موبائل فون کی درآمد میں 11.6فیصد اضافہ ہوا اور ان کی مالیت 63کروڑ ڈالر رہی، اس سے گزشتہ سال موبائل فون کی درآمد پر 56کروڑ 40لاکھ ڈالر خرچ کئے گئے تھے۔ ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ مالی سال ٹیلی کام سیکٹر کی مجموعی درآمد .7فیصد اضافے سے ایک ارب 22کروڑ ڈالر رہیں، گزشتہ مالی سال تھری جی اور فور جی ٹیکنالوجی متعارف کرائے جانے کے بعد پاکستان میں اسمارٹ فونز کی طلب میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا، تاہم موبائل سم کی بائیو میٹرک سسٹم سے تصدیق کے عمل کے نتیجے میں صارفین کی تعداد 13کروڑ 58لاکھ سے کم ہو کر 11کروڑ 54لاکھ رہ گئی۔