اسلام آباد(نیوز ڈیسک)ملک کے مختلف علاقوں میں سیلابی صورت حال سے لوگ بے گھر ہوئے، تو بڑے پیمانے پر کھڑی فصلوں کو بھی نقصان پہنچا ہے، جس کے باعث منافع خوروں نے اسے بھی موقع جانا اور سبزیوں اور پھلوں کی قیمتیں میں من مانے اضافے کر ڈالے۔ مون سون کی بارشوں اور سیلاب کے باعث ذرعی زمینوں اور باغات کو نقصان پہنچا، سبزیوں اور پھلوں کی پیداوار متاثر ہونے کے باعث قیمتوں میں اضافہ ہونا ہی تھا، مگر تاک لگائے منافع خوروں نے بھی موقع غنیمت جانا اور دونوں ہاتھوں سے پیسے سمیٹنے کے لیے سبزیوں، پھلوں کی قیمتوں میں مرضی کے اضافے کر دیے، دکاندار بھی منافع خوروں کے جواز کی تائید کے لیے تیار، کہتے ہیں سیلاب زدہ علاقوں میں سڑکیں ٹوٹنے سے سپلائی متاثر ہوئی ہے، مہنگائی تو ہو گی۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ سیلاب اور بارش سے سبزیوں اور پھلوں کی پیداوار اور سپلائی متاثر تو ضرور ہوئی، مگر منافع خوروں کی من مانیاں اپنی انتہا پر ہیں اور اسے روکنا ہوگا۔