لاہور( این این آئی)پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے منیجنگ ڈائریکٹر فرخ خان نے کہا ہے کہ چین سے خریدے گئے نئے ٹریڈنگ سسٹم کو متعارف کروانے کے فیصلے میں پی ایس ایکس انتظامیہ سمیت اسٹاک بروکر اور ایس ای سی پی کے حکام بھی شامل تھے،اسٹاک مارکیٹ انڈیکس میں
کمی کی وجہ نیا ٹریڈنگ سسٹم نہیں ہے، اسٹاک مارکیٹ جے ٹی ٹی سسٹم متعارف کروانے سے پہلے ہی مندی کا شکار تھی۔نجی ٹی وی کے مطابق ایم ڈی فرخ خان نے کہاکہ پرانے ٹریڈنگ سسٹم کی صلاحیت، انفارمیشن سکیورٹی میں بہت برسوں پہلے تبدیلی آجانی چاہیے تھی، نئے ٹریڈنگ سسٹم کا مقصد ڈیٹا لیکیج اور چوری کی کوششوں کے خلاف سکیورٹی کو بڑھانا ہے۔انہوں نے کہا کہ نئے ٹریڈنگ سسٹم کو متعارف کروانے سے پہلے اس کے 18 ٹیسٹ ہوئے تھے اور اس میں بہت سے مسائل سامنے آئے تھے جس کے لئے اسٹاک بروکر اور ایس ای سی پی کے ساتھ مل کر فیصلہ کیا گیا کہ کچھ اہم مسائل کو سسٹم متعارف کروانے سے پہلے حل کروانا ہے۔