ریاض (این این آئی)سعودی دارالحکومت میں منعقد ہونیوالے سالانہ رنگا رنگ میلے موسم الریاض کاالریاض سٹی بلیوارڈ کھول دیا گیا ۔اس میں زائرین نومختلف علاقوں پر مشتمل تفریحی مقامات میں تفریح طبع کاسامان کرسکیں گے۔سعودی پریس ایجنسی کے مطابق یہ تفریح کی سب سے اہم منزل، سب سے بڑا ایونٹ ایریا اور سعودیوں کا تعمیرکردہ ایک غیرمعمولی منصوبہ ہے۔الریاض کے شمال میں واقع اس زون کے کل رقبے میں گذشتہ سیزن کے مقابلے میں
تین گنا توسیع کی گئی ہے۔اب اس کا رقبہ قریبا لاکھ مربع میٹر ہے۔اس کی وجہ سے یہ مقام خطے میں سب سے بڑی تفریح گاہ بن گیا ہے۔الریاض سٹی بلیوارڈ میں نو علاقے شامل ہیں،ان میں ہر ایک کا تقریبات، ریستوران، کیفے، باغات،کھیلوں کے بین الاقوامی مراکز، میلوں کی جگہ اور اسٹورز کے لیے اپنا سیٹ ہے۔اس میں ایک فوارے کی جگہ ہے جہاں مختلف لیزرروشنیاں جگمگائیں گے اور ان کے رنگوں اورموسیقی کواس فوارے شو کے ساتھ ہم آہنگ کیا گیا ہے۔