ریاض(این این آئی)سعودی ولی عہد اور وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان نے ابوظبی کے ولی عہد اور متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج کے نائب کمانڈر شیخ محمد بن زائد آل نہیان سے ٹیلی فون پر بات چیت کی ہے ۔میڈیارپورتس کے مطابق اس موقع پر بن سلمان نے ایکسپو2030کی میزبانی کے حوالے سے سعودی عرب کی درخواست کو سپورٹ کرنے پر بن زائد کا شکریہ ادا کیا اور ان کے موقف کو
گراں قدر قرار دیا۔ بن سلمان نے دبئی میں جاری ایکسپو2020کی کامیابی پر بن زائد کو مبارک باد بھی پیش کی۔ سعودی ولی عہد نے امارات اور اس کے عوام کی ترقی اور خوش حالی کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔بن سلمان نے گذشتہ روز دبئی کے حکمراں اور متحدہ عرب امارات کے نائب صدر شیخ محمد بن راشد آل مکتوم سے بھی ٹیلی فون پر رابطہ کیا۔ انہوں نے ایکسپو2030کی میزبانی سے متعلق درخواست کی حمایت پر شیخ محمد کا شکریہ ادا کیا۔ بن سلمان نے دبئی میں جاری ایکسپو2030 کی کامیابی پر شیخ محمد کو بھرپور مبارک باد پیش کی۔محمد بن سلمان نے اپنے مکتوب میں کہا کہ ایکسپو 2030 کی میزبانی کے لیے ریاض کی نامزدگی سعودی عرب کے لیے ایک اہم قدم اور علامتی چیلنج ہے۔ انہوں نے کہا کہ مملکت، ورلڈ ایکسپو کے تاریخی ایونٹ کے انعقاد اور اس کی پوری قابلیت کے ساتھ کامیابی کی پوری صلاحیت رکھتی ہے۔ولی عہد کا کہنا تھا کہ سعودی عرب جدت کے ساتھ اس عالمی فورم کے انعقاد کی تاریخ میں ایک بے مثال عالمی تجربہ فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ پہلی بارالریاض کی میزبانی میں عالمی نمائش (ورلڈ ایکسپو)کے انعقاد کا موقع دینا بین الثقافتی افہام و تفہیم اور انسانی تبادلے کے پلیٹ فارم کے طور پر بی آئی ای کے باوقار کردار میں اضافہ اور ہماری ترقی پذیر دنیا کی بدلتی ہوئی نوعیت کی عکاسی کرے گا۔