لاہور/اسلام آباد(نیوز ڈیسک)بنکوں سے ٹرانزیکشن پر ود ہولڈنگ ٹیکس کے خلاف مختلف تاجر تنظیمیں آج ملک بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کر رہی ہیں جبکہ دوسرا دھڑا پانچ اگست کو ہڑتال کرے گا۔ بینکاری لین دین پر ود ہولڈنگ ٹیکس کے خلاف تاجر برادری آج ہڑتال کر رہی ہے جبکہ تاجروں کے بعض دھڑوں نے آج ہڑتال کو مسترد کرتے ہوئے 5 اگست کو ہڑتال کرنے کا اعلان کیا ہے۔ آل پاکستان انجمن تاجران نے ود ہولڈنگ ٹیکس کے خلاف آج ملک بھر میں شٹر ڈاؤن اور تجارتی مراکز بند رکھنے کی اپیل کی ہے جبکہ تنظیم کے دوسرے دھڑے نے آج کی ہڑتال کو حکومت کے خلاف سازش قرار دیتے ہوئے اس سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے۔ اس اختلاف کے باعث تاجر دو حصوں میں تقسیم ہو چکے ہیں ، کراچی میں جوڑیا بازار ، بولٹن مارکیٹ ، لیاقت آباد اور حیدری جیسی بڑی مارکیٹیں آج بند ہیں۔ اولڈ سٹی ایریا اور دیگر مارکیٹوں کے تاجر 5 اگست کو ہڑتال کریں گے،وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی تاجروں اور چیمبر آف کامرس کے درمیان اختلاف کے باعث تاجر آج جبکہ صنعت کار 5 اگست کو ہڑتال کریں گے۔ لاہور اور پشاور میں بیشتر مارکیٹیں آج بند ہیں ، ملتان میں تاجروں نے آج اور 5 اگست کو ہڑتال کرنے کا اعلان کر رکھا ہے ادھر حکومت پر امید ہے کہ ود ہولڈنگ ٹیکس کے معاملے کو افہام و تفہیم حل کر لیا جائے گا۔