ریاض (این این آئی )سعودی عرب میں شاہ سلمان امدادی مرکز نے یمن میں 500 خاندانوں کے لیے انسانی امداد پیش کردی ۔ ان خاندانوں نے یمن کے صوبے مارب کے جنوبی اضلاع سے کچھ عرصہ قبل نقل مکانی کی تھی۔ نقل مکانی کا سبب ایران نواز حوثی ملیشیا کی جانب سے
ان افراد کے گھروں اور دیہات کو نشانہ بنانا تھا۔میڈیارپوٹس کے مطابق مارب صوبے میں اعلی امدادی کمیٹی کے ڈائریکٹر امین عزیز نے شاہ سلمان مرکز کی جانب سے فوری اقدام کو گراں قدر قرار دیا۔ یہ انسانی امداد مقامی حکام کی جانب سے ہنگامی مداخلت کی اپیل کے جواب میں عمل میں آیا۔ڈائریکٹر نے بتایا کہ امداد کے سلسلے میں غذائی مواد کے ایک ہزار پیک شامل ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ نقل مکانی کرانے والے افراد کی ضروریات بہت زیادہ ہیں۔ ان کے لیے پناہ، ٹھکانے، غذا، پانی، صحت اور تعلیم سمیت بنیادی ضروریات کا انتظام اہم ترین تقاضا ہے۔بے گھر افراد کے کیمپوں کی انتظامیہ کے ایگزیکٹو یونٹ نے ستمبر کے اوائل سے اب تک مارب صوبے کے اضلاع سے تین ہزار سے زیادہ خاندانوں کی نقل مکانی کی تصدیق کی ہے۔ اس کا سبب امن و امان کے حالات کا بگاڑ اور حوثیوں کی جانب سے دیہات اور گھروں کو دہشت گرد حملوں اور بیلسٹک میزائلوں اور بھاری ہتھیاروں سے نشانہ بنانا ہے۔اقوام متحدہ کی تنظیموں اور بین الاقوامی امدادی اداروں پر الزام عائد کیا جا رہا ہے کہ انہوں نے امدادی اپیلوں پر کان نہیں دھرے۔ مزید یہ کہ مارب کے جنوبی ضلع العبدیہ میں محصور شہریوں اور نقل مکانی کرنے والوں کے حوالے سے اپنی انسانی ذمے داریاں پوری نہیں کیں۔