اسلام آباد(نیوزڈیسک)مشیر امور خارجہ سرتاج عزیز نےکہاہےکہ مسئلہ کشمیر پاک بھارت مذاکرات کا حصہ ہے، بلوچستان اور فاٹا میں را کی مداخلت کا معاملہ کئی غیرملکی رہنماؤں اور بھارت کے ساتھ اٹھایا ہے۔ وزیراعظم نوازشریف را کی پاکستان میں مداخلت کا معاملہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اٹھائیں گے۔ قومی اسمبلی کے وقفۂ سوالات کے دوران مشیر خارجہ سرتاج عزیز کاکہناتھاکہ پاکستان گاہے بہ گاہے را کی مداخلت کا معاملہ بھارتی قیادت کے ساتھ اٹھاتا رہتا ہے، اس معاملے کو نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزرز کے اجلاس میں بھی اٹھایا جائے گا۔ مشیر امور خارجہ نے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم مودی اور ان کے وزراء کے اشتعال انگیز بیانات کا بھی پاکستان نے فوری اور مؤثر جواب دیا ہے۔ بھارتی وزیر دفاع کے بیان پر تشویش ظاہر کی، یہ قابل افسوس ہے کہ بھارتی سیاست دان نہ صرف اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی میں ملوث ہیں بلکہ دیگر ریاستوں کے داخلی امور میں اپنی مداخلت کی یادداشت کو دہرانے میں فخر محسوس کرتے ہیں۔ مشیر امور خارجہ سرتاج عزیزنے تحریری جواب میں بتایاکہ پاکستان مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کی پالیسی پر کاربند ہے، اس مسئلے پر بھارت کےساتھ تعمیری اور بامقصد مذاکرات کرنا چاہتےہیں۔