پشاور(نیوزڈیسک) طالبان ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ حقانی نیٹ ورک کے سربراہ جلال الدین حقانی بھی ایک سال قبل وفات پا چکے ہیں۔ جلال الدین حقانی طالبان کے موجودہ سیٹ اپ میں آپریشنل کمانڈر سراج الدین حقانی کے والد ہیں۔ سراج الدین حقانی بھی امریکا کو انتہائی مطلوب میں افراد کی فہرست میں شامل ہیں۔ سراج الدین حقانی کے سر کی قیمت دس ملین ڈالرز مقرر کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق جلال الدین حقانی کے دس بیٹوں میں سے تین ڈرون حملوں میں جاں بحق ہو چکے ہیں۔ جلال الدین حقانی کے ایک بیٹے نصیرالدین حقانی کو اسلام آباد میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کیا تھا۔ نصیرالدین حقانی ذبیح اللہ مجاہد کے نام سے طالبان ترجمان کے طور پر کام کرتے تھے۔ جلال الدین حقانی کا ایک بیٹا انس حقانی افغانستان میں اتحادی افواج کی زیر حراست ہے۔ جلال الدین حقانی کی دو بیوہ ہیں جن میں سے ایک بیوہ کا تعلق افغانستان جبکہ دوسری کا تعلق یمن سے ہے۔ جلال الدین حقانی افغان جہاد کے دوران اہم جنجگو کمانڈر رہے۔ حقانی گروپ کے سابق سربراہ امریکا کو انتہائی مطلوب کمانڈروں میں شامل تھے