اسلام آباد(نیوزڈیسک) سول سروس میں اصلاحات کے تحت 2017میں سینٹرل سپیریئرسروسز(سی سی ایس) کا مسابقتی امتحان کا انعقاد موجودہ عمومی نظام کے بجائے تعلیمی شعبہ جات کی بنیاد پر کرانے کیلئے معروف صحافی مہتاب حیدرکی ایک رپورٹ کے مطابق منصوبہ بندی کمیشن وزیر اعظم کو سمری ارسال کرنے کیلئے تیار ہے۔ سول سروس میں اصلاحات کیلئے حکمت عملی وضع کرنے کا کام وزیر منصوبہ بندی و ترقیات احسن اقبال کو تفویض کیا گیا تھا۔ مجوزہ نظام کے تحت معاشیات ، اکاؤنٹنگ اور ٹیکسیشن جیسے مخصوص شعبہ جات وضع کرکے سی ایس ایس کے امتحان کاانعقاد ہوگا اور عمومی امتحان لینے کے بجائے مخصوص شعبہ جات میں امیدواروں کی تعلیمی قابلیت کا تعین کیا جائیگا۔ منصوبہ بندی کمیشن کے رکن گورننس طاہر حجازی نے جمعرات کے روز بتایا کہ بیورو کریسی کے تربیتی نظام میں اصلاحات پر توجہ مرکوز ہے ، کیونکہ مختلف امور کی انتظام کاری کیلئے اور مستقبل کے اعلیٰ سرکاری افسران جدید علوم اور صلاحیتوں سےلیس کرنے کیلئے پیمائش کی نئی اکائیاں اور مواد مرتب کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے مزید کہاکہ اے سی آرز کے نظام کو ختم کرنے کی تجویز دی جائیگی کیونکہ یہ مطلوبہ نتائج دینے میں ناکام ہوچکا ہے ، اس کی جگہ کارکردگی کی جانچ کیلئے آئی ٹی کا نیا نظام متعارف کرایا جائیگا ، جس کے تحت ترقیاں دینے کیلئے 7افسران کارکردگی کا جائزہ لیں گے۔