کراچی(این این آئی)سندھ کے وزیر اطلاعات سعید غنی نے کہا ہے کہ گندم ریلیز کے حوالے سے سندھ کابینہ نے فیصلہ کیا ہے جس کے تحت 15اکتوبر سے ریلیز کا آغاز کیا جائے گا
۔کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ گندم کی 40کلو بوری کی قیمت تمام صوبوں کے برابر ہوگی۔ سندھ حکومت نے گندم کی قیمتوں پر 13ارب روپے کی سبسڈی دے دی اور 4ہزار 875 روپے 100کلو گندم کی سپورٹ پرائس ہوگی۔سعید غنی نے بتایا کہ کابینہ اجلاس میں ترقیاتی منصوبوں پر بھی غور کیا گیا، محکمہ تعلیم کے منصوبوں میں تاخیر کی وجوہات ہیں۔انہوں نے بتایا کہ کاروبار میں آسانی کے لیے پارٹنر شپ ایکٹ میں ترمیم کی گئی، 7 قیدیوں کو تعلیمی قابلیت کی بنیاد پر سزا میں تخفیف کی منظوری دی اور تحصیل جاتی میں قطر کے حکمران خاندان کی شخصیت کو شکار کی اجازت دی گئی۔وزیراطلاعات نے کہا کہ عدالت نے او پی ایس اور ڈبل چارج والے افسران کو ہٹانے کا کہا ہے اس لیے عدالتی فیصلوں کی وجہ سے مشکلات آرہی ہیں۔ موٹر سائیکل میں سائیڈ مرر لگانا ضروری ہے، صوبائی کابینہ نے موٹر وہیکل رولز میں ترمیم کر دی ہے۔