اسلام آباد (این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر اور سابق وفاقی وزیر فیصل واڈا نے پینڈورا پیپرز کی انکوائری 5 دن میں مکمل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کا آغاز مجھ سے کیا جائے۔سینیٹر فیصل واڈا نے پینڈورا پیپر میں نام آنے کے بعد
پہلی مرتبہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنا مؤقف دیا اور وزیراعظم عمران خان کی جانب سے اس کی تحقیقات کے سیل بنانے کی حمایت کی۔انہوں نے کہا کہ پینڈورا پیپرز کی انکوائری کے فیصلے کاخیر مقدم کر تا ہوں، یہ فیصلہ صرف عمران خان صاحب ہی کر سکتے ہیں۔حکومتی جماعت کے سینیٹر نے کہا کہ میں وزیراعظم سے درخواست کر تا ہوں کہ انکوائری ٹیم اس پر 12-14گھنٹے روزانہ کام کر کے 5 دن کے اندر نتیجہ دے۔انہوںنے کہاکہ طریقہ کار ایسا ہو کہ قوم بھی دیکھ سکے، آغاز مجھ سے کریں اور ٹیسٹ کیس بنائیں۔انہوں نے کہا کہ میں غلط ثابت ہوا تو سزا دیں اور اگر صحیح ثابت ہوا تو یہ بھی فیصلہ ہو کہ غلط بیانی، بدنامی اور سنسنی پھیلانے والے خود ساختہ نام نہاد تحقیقاتی صحافیوں کو کیا سزا ملے گی۔