ریاض (این این آئی )سعودی عرب نے تصدیق کی ہے کہ اس کی گزشتہ ماہ ایران کی نئی حکومت کے ساتھ پہلے دورکے براہ راست مذاکرات ہوئے تھے۔ سعودی وزیر خارجہ نے امید ظاہر کی ہے کہ یہ بات چیت دونوں ملکوں کے باہمی مسائل کو حل کرنے کی بنیاد فراہم کرے گی۔میڈیارپورٹس کے مطابق سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود نے بتایا کہ بات چیت کا
تازہ ترین دور 21 ستمبر کو ہوا، تاہم انہوں نے ملاقات کا مقام نہیں بتایا۔ اسی تاریخ کو ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے نیویارک میں اقوام متحدہ جنرل اسمبلی سے خطاب کیا تھا۔انہوں نے کہاکہ یہ بات چیت ابھی تک ابتدائی مرحلے میں ہے۔ہمیں امید ہے کہ یہ دونوں فریقوں کے درمیان مسائل کو حل کرنے کے لیے ایک بنیاد فراہم کرے گی اور ہم اسے سود مند بنانے کی کوشش کریں گے۔