واشنگٹن(این این آئی) امریکا میں انسداد امراض مراکز نے کہاہے کہ ماسک اسکولوں میں طلبا کو کرونا وائرس سے بچانے کا سب سے طاقتور ہتھیار ہے اور اس کا بچوں کی صحت پر کوئی منفی اثر نہیں پڑتا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق وائرس کی نشوونما اور روک تھام سے
متعلق امریکی ایجنسی نے مزید شواہد جمع کیے کہ ماسک بچوں کو کلاس روم میں صحت مند رکھنے میں مدد دے سکتے ہیں۔انہوں نے وضاحت کی کہ ان شواہد سے بچوں میں کرونا وائرس انفیکشن کے معاملات میں کمی اور ان جگہوں پر اسکولوں کی کم بندش ظاہر ہوتی ہے جہاں ماسک کا زیادہ استعمال کیا جاتا ہے۔امریکا میں520 کانٹیوں کے تجزیے میں سی ڈی سی نے نتیجہ اخذ کیا کہ بچوں کے ہاں کرونا کیسز ان جگہوں پر تیزی سے بڑھے جہاں اسکولوں میں ماسک کی پابندی نہیں کی گئی۔ایک علیحدہ رپورٹ میں جس نے اریزونا کی دو سب سے بڑی کانٹیوں کو دیکھا گیا ایجنسی نے نتیجہ اخذ کیا کہ ایسے اسکول جہاں بچوں کو ماسک پہننے پر مجبور نہیں کیا گیا ان کی بندش دوسروں کے مقابلے میں 3.5 گنا زیادہ رہی۔اگرچہ پولز سے پتہ چلتا ہے کہ والدین کی اکثریت ماسک پہننے کی حمایت کرتی ہے اور اطفال کے ماہرین اور بیماریوں کے کنٹرول اور روک تھام کے مراکز کی سفارشات کے باوجود کچھ اسکول اس پر عمل درآمد کرنے یا نہ کرنے کے بارے میں تذبذب کا شکار رہے ہیں۔