چترال (نیوزڈیسک)چترال میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کی امدادی سرگرمیاں جاری ہیں ، آئی ایس پی آر کے مطابق متاثرین میں اب تک 59 ٹن راشن تقسیم کیا جا چکا ہے ، کئی سڑکیں بھی بحال کر دی گئیں۔قدرتی آفات کا سامنا ہو یا ملک کے باسیوں کو کوئی اور مشکل درپیش ، ملی جذبے سے سرشار پاک فوج ہر وقت اپنے شہریوں کی مدد کے لیے ہمہ تن گوش نظر آتی ہے۔چترال کی ُپر فضا وادیوں کو سیلاب نے آن گھیرا تو پاک فوج کے جوان بے یارومدد گار متاثرین کی آواز بن گئے اور امدادی کاموں میں کوئی کسر نہ چھوڑی۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کا چترال میں ریلیف ریسکیو آپریشن جاری ہے ، اب تک 59 ٹن راشن سیلاب متاثرین میں تقسیم اور 903 افراد کو ہیلی کاپٹرز کے ذریعے متاثرہ علاقوں سے نکالا جا چکا ہے۔چترال سکاؤٹس ہسپتال میں میڈیکل کیمپ بھی لگایا گیا ہے ، آئی ایس پی آر کے مطابق متاثرہ علاقوں میں 1178 مریضوں کو طبی امداد فراہم کی گئی۔ اس کے علاوہ چترال سکاؤٹس کی جانب سے روزانہ پانی کے چار ٹینکرز 12 ہزار لیٹر صاف پانی کیا جا رہا ہے۔سیلاب زدہ علاقوں میں بحالی کا کام بھی جاری ہے جس کے تحت ریشن اور بونی گلگت بلتستان میں سڑکیں بحال کر دی گئیں۔