اسلام آباد(نیوزڈیسک)اسلام آباد ہائیکورٹ نے پرویز مشرف کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کر دیئے ، عدالت نے ٹرائل کورٹ کو سابق جنرل کی میڈیکل رپورٹ کی بنیاد پر حاضری سے استثنیٰ کی درخواست کا فیصلہ کرنے کی ہدایت کر دی۔جسٹس عامر فاروق نے سابق صدر پرویز مشرف کی حاضری سے استثنیٰ اور وارنٹ گرفتاری کے خلاف 27 جولائی کو محفوظ کیا گیا فیصلہ سنا دیا جس کے مطابق سابق صدر کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کر دیئے گئے۔ٹرائل کورٹ کو پرویز مشرف کی میڈیکل رپورٹ دیکھنے کے بعد فیصلہ کرنے کی ہدایت کی گئی ۔ غازی قتل کیس میں پرویز مشرف نے مستقل حاضری سے استثنٰی اور ٹرائل کورٹ کے وارنٹ گرفتاری کو چینلج کیا تھا۔پرویز مشرف کے وکیل ملک طاہر ایڈووکیٹ کا موقف تھا کہ ان کے موکل علیل ہیں ، عدالت پیش نہیں ہو سکتے ، انہیں مستقل حاضری سے استثنٰی دیا جائے۔انہوں نے بتایا کہ پرویز مشرف کو ڈاکٹرز نے سفر نہ کرنے کا مشورہ دیا ہے ، وکیل مدعی نے عدالت کو بتایا کہ پرویز مشرف مسلسل عدالت سے فرار اختیار کیے ہوئے ہیں ، 1 مرتبہ بھی پیش نہیں ہوئے ، سابق صدر پرویز مشرف عدالتوں کو دھوکہ دے کر بھاگنا چاہتے ہیں۔