اسلام آباد (نیوز ڈیسک)وزیراعظم میاں نوازشریف کے زیر صدارت پارلیمانی جماعتوں کے رہنماﺅں کا اجلاس شروع ہو گیا جس میں انکوائری کمیشن کی رپورٹ کا جائزہ لیا جائےگا اور تحریک انصاف کوڈی سیٹ کرنے کے حوالے سے بھی بات چیت کی جائے گی۔اجلاس میں پارلیمانی جماعتوں کے رہنماخورشید شاہ‘ محمود خان اچکزئی‘سراج الحق‘ مشاہد حسین‘ اعجاز الحق ‘غلام بلور ‘رشید گوڈیل اور دیگر شامل ہیں۔وزیراعظم میاں نواز شریف نے پارلیمانی جماعتوں کے رہنماﺅں سے ملاقات سے قبل وفاقی وزراءاور قریبی رفقا سے مشاورت کی جن میں پرویز رشید‘ سعد رفیق اور انوشہ رحمن ‘عرفان صدیقی اور دیگر شامل ہیں۔علاوہ ازیں وزیراعظم میاں نواز شریف سے وزیر خزانہ سینٹر اسحاق ڈار نے بھی ملاقات کی جس میں تحریک انصاف کےخلاف تحاریک نمٹانے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے سیاسی رہنماﺅں سے ہونے والے رابطوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ سینٹر اسحاق ڈار نے انتخابی اصلاحات کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کمیٹی نے انتخابات میں اصلاحات کے حوالے سے 80 فیصد کام مکمل کر لیا ہے۔