اسلام آباد(نیوز ڈیسک)سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات سیلاب کی صورتحال اور قانونی تقاضوں کے باعث ایک بار پھر التوا کا شکار ہیں، الیکشن کمیشن ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں صوبوں میں شیڈول جاری کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کلکیا جائے گا۔سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری نہ ہوسکا، دونوں صوبائی حکومتوں کی بلدیاتی انتخابات موخر کرنے سے متعلق درخواستیں الیکشن کمیشن میں موجود ہیں، الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق پنجاب انتظامیہ کا موقف ہے کہ وہ سیلاب سے نمٹنے اور بحالی کے کاموں میں مصروف ہیں، صوبے میں ریٹرننگ افسران کا تعلق انتظامیہ سے ہے، جس کے باعث بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں التوا کا شکار ہیں، سندھ میں قانونی تقاضے، حلقہ بندیاں اور رولز نا مکمل ہیں، الیکشن کمیشن حکام نے دونوں صوبوں کے موقف کی سمری چیف الیکشن کمشنر کو بھجوا دی ہے ، سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق دونوں صوبوں میں بلدیاتی انتخابات کی تاریخ بیس ستمبر مقرر کی گئی ہے۔