اسلام آباد (این این آئی) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ طالبان سارے افغان دھڑوں کو ملا کر امن کی بات کر رہے ہیں توان کی مدد کرنی چاہیے۔ تقریب سے خطاب
کرتے ہوئے افغانستان کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ امن میں معاونت ہماری خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے، افغانستان میں فوج اپنی کرپٹ حکومت کے تحفظ کے لیے نہیں لڑی، افغانستان گزشتہ 40سال سے خانہ جنگی اور انتشار کا شکار ہے، افغان بہادر قوم ہیں جنہوں نے 10 لاکھ شہادتوں کے باوجود ہار نہیں مانی۔وزیراعظم نے کہا کہ عالمی برادری کو افغانستان کی موجودہ حالات میں مدد کرنی چاہیے، طالبان مخلوط حکومت، انسانی حقوق کی پاسداری، عام معافی کا اعلان کرچکے ہیں، یہ کہنا درست نہیں کہ ہمیں ان پر اعتبار نہیں، جب وہ وعدہ خلافی کریں گے تب کی تب دیکھی جائے گی، ابھی تو ان کی مدد کرنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ طالبان اپنی سر زمین دہشت گردی کے لیے استعمال نہ کرنیکااعلان کر چکے ہیں، طالبان سارے افغان دھڑوں کو ملا کرامن کی بات کر رہے ہیں تو ان کی مدد کرنی چاہیے۔