کراچی(نیوزڈیسک)گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے سندھ اسمبلی کا اجلاس 7اگست کو طلب کرلیا ہے ۔سندھ اسمبلی کے اجلاس میں رینجرز کے اختیارات میں توسیع اور رینجرز کے قیام کی مدت کے حوالے سے بحث کی جائے گی اور توقع ہے کہ اس حوالے سے قانون سازی بھی کی جاسکتی ہے ۔اجلاس سندھ حکومت کی درخواست پر بلوایا گیا ہے ۔سندھ اسمبلی کے اجلاس کے حوالے سے ایم کیو ایم کے پارلیمانی لیڈر سید سردار احمد نے میڈیا کو بتایا کہ سندھ حکومت کا طلب کردہ اجلاس قانوناً درست نہیں ہے ۔سندھ حکومت کو اجلاس 30جولائی سے پہلے بلانا چاہیے تھا ۔انہوں نے بتایا کہ ایم کیو ایم نے سندھ اسمبلی کا اجلاس بلانے کے لیے 16جولائی کو ریکوزیشن جمع کرائی تھی لیکن حکومت نے ہماری ریکوزیشن اور اجلاس بلانے کی بجائے ازخود اجلاس طلب کرلیا ہے ۔اس حوالے سے قانونی ماہرین سے مشاورت کررہے ہیں اور اپنے لائحہ عمل سے جلد آگاہ کریں گے ۔