لاہور(این این آئی) پی آئی اے کی جانب سے جشن آزادی کے موقع پر ٹکٹس کے نرخوں میں خصوصی رعایت کا اعلان کر دیا گیا۔ترجمان پی آئی اے کے مطابق جشن آزادی کی خوشی کے موقع پر مسافروں کے لئے تمام اندرون ملک پروازوں پر 14 فیصد رعایت کی پیش کش کا اعلان
کر دیا گیا ہے۔ ٹکٹس پر خصوصی رعایت 14 سے 16 اگست تک کے لئے ہوگی۔ ٹکٹس فوری فروخت کے لئے دستیاب ہیں۔دوسری جانب قومی ائیر لائن انتظامیہ نے کورونا ویکسین نا لگوانے والے ملازمین کے خلاف کاروائی کا فیصلہ کرلیا۔ پی آئی اے انتظامیہ کے مطابق کورونا ویکسین نا لگوانے پر پی آئی اے سٹاف کو 300 روپے یومیہ افسران کو 500 روپے یومیہ جرمانہ ہوگا۔تمام ملازمین کو 13 اگست تک ویکسین لگوانے کی آخری وارننگ جاری کر دی ہے۔ اس حوالے سے سرکلر بھی کر دیا گیا ہے۔ دس روز تک ویکسین نا کروانے والے کو تادیبی کاروائی کا سامنا کرنا ہوگا۔علاوہ ازیں قومی ائیرلائن (پی آئی اے)نے سیالکوٹ سے دبئی کے لیے خصوصی پروازیں چلانے کا اعلان کردیا۔ترجمان پی آئی کے مطابق پروازیں 12 اور 13 اگست کو سیالکوٹ سے دبئی روانہ ہونگی۔ ترجمان کے مطابق مسافروں کے لیے کورونا ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کی سہولت سیالکوٹ ائیر پورٹ پر مہیا کی جائے گی۔ترجمان کے مطابق پی سی آر ٹیسٹ کے پیش نظر مسافر کم از کم 5 گھنٹے قبل ائیر پورٹ تشریف لائیں۔ خیال رہے کہ جون میں قومی ایئر لائن پی آئی اے کو کینیڈا کے لیے براہ راست پروازوں کی اجازت مل گئی تھی۔