اسلام آباد (این این آئی)ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ جموں وکشمیر نہ کبھی بھارت کا حصہ تھا اور نہ کبھی ہو گا ، کشمیریوں کے عزم کے سامنے آخرکار بھارت کواپنا سرجھکانا پڑے گا ۔ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے بھارتی وزیر خارجہ کے مقبوضہ جموں وکشمیر کی صورتحال سے متعلق ٹویٹ پر اپنے بیان میں کہا کہ بے بنیاد اور جھوٹ پر مبنی ٹویٹ کرنے کے بجائے
بھارت سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل کرے۔انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر نہ کبھی بھارت کا حصہ تھا اور نہ کبھی ہو گا ، کشمیریوں کے عزم کے سامنے آخرکار بھارت کواپنا سرجھکانا پڑے گا ۔انہوں نے کہاکہ مقبوضہ جموں وکشمیر عالمی سطح پر ایک تسلیم شدہ تنازعہ ہے ،بھارتی وزیر خارجہ کا ٹویٹ بے بنیاد اوراپنی حکومت کو خوش کرنے کی ناکام کوشش ہے ۔ترجمان نے کہاکہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں بدترین فوجی محاصرہ اور انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں جاری ہیں ،غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں کشمیریوں کی آزادیاں، بنیادی انسانی حقوق غصب کئے جاچکے ہیں،کشمیری عوام کو مزید دبانے اور ان کے حقوق چھیننے کے لئے بھارت مسلسل غیرقانونی اقدامات کررہا ہے ،مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کو مزید بے اختیار کرنے کے لئے بھارت نے آبادی کے تناسب میں غیرقانونی تبدیلیوں کے اقدامات کئے،کشمیریوں کو ان کی اپنی سرزمین پر اقلیت میں بدلنے کے لئے جعلی حلقہ بندیوں کی کوشش کی گئی ۔انہوں نے کہاکہ آر ایس ایس، بی جے پی حکومت کا ریکارڈ اپنے ملک کے اندر اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے بھرا پڑا ہے ۔انہوں نے کہاکہ وزیرموصوف کو اتحاد میں اضافے کے نام نہاد دعوے کرنے سے پہلے بھارت کے اندر سے اٹھنے والی موجودہ حکومت کے
مظالم اور متعصبانہ اقدامات کی دہائیاں سننی چاہئیں ۔انہوں نے کہاکہ بھارتی وزیر کے دعوے حقائق کے بالکل برعکس اور خود پسندی سے زیادہ کچھ نہیں ۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر یہ ایک دیرینہ ترین حل طلب مسئلہ ہے،سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق بھارت کو عالمی برادری کے ساتھ کئے وعدے پورے کرنے پڑیں گے۔