لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)بھارتی صوبہ پنجاب میں بارڈر سیکورٹی فورسز کی ایک پریس ریلیز کے مطابق فیروز والا کے قریب پاکستانی سرحد سے دو پاکستانی نوجوان مبینہ طور پرسرحدپار کرکے بھارتی علاقہ میں چلے گئےجن کو بھارتی بارڈر سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں نے گولی مار کر شہید کردیا۔
روزنامہ جنگ میں خالد محمود خالد کی خبر کے مطابق جمعہ کو رات دیر گئے پاکستانی علاقہ قصورکے نواحی گاؤں سے دو نوجوان رات کو کسی کام کے لئے گھر سے نکلے اور اندھیرے میں دونوں مبینہ طور پر بھارتی سرحد عبور کر کے بھارتی علاقے امرکوٹ کے قصبہ تھیہ کہلان میں جا پہنچے۔ بی ایس ایف کے مطابق ان دونوں نوجوانوں کو روکنے کی کوشش کی گئی لیکن وہ نہ رکے اور آگے بڑھتے گئے جس کے بعد بی ایس ایف کے اہلکاروں نے ان کو سیدھا نشانہ بنایا اور وہ موقع پر ہی شہید ہو گئے۔ ان کے قبضہ سے کوئی بھی چیز برآمد نہیں ہوئی۔ بھارتی حکام نےان دونوں نوجوانوں کی لاشیں پاکستانی حکام کے حوالے کرنے کے لئے پاکستان رینجرز کے حکام سے رابطہ کیا ہے۔ دریں اثناء پاکستان رینجرز کے حکام سے جب رابطہ کیا گیا تو انہوں نے دو نوجوانوں کی شہادت کی تصدیق کی اور کہا کہ اس حوالے سے مزید تحقیقات کی جارہی ہیں کہ دونوں نوجوان بھارتی علاقے میں کیسے داخل ہو گئے۔