کراچی(نیوز ڈیسک)ایڈیشنل آئی جی کراچی مشتاق مہرنے کہا ہے کہ کراچی آپریشن میں مزید تیزی لائی جائیگی اور دہشت گردوں کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا، انتہائی مطلوب ٹارگٹ کلرز شہر سے یا ملک سے فرار ہوگئے ہیں جبکہ پولیس کی جانب سے زیادہ تر کارروائیاں انٹیلی جنس رپورٹس پر کی جا رہی ہیں، گرفتار ملزمان کوعدالتوں سے مثالی سزائیں دلانے کیلیے شعبہ تفتیش کومزید بہتر بنارہے ہیں۔اینٹی کارلفٹنگ سیل کی جانب سے برآمد کی گئی گاڑیوں اور موٹر سائیکلیں ان کے اصل مالکان کے حوالے کیے جانے کی تقریب میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا تھانوں کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ نفری کی کمی کو بھی دور کرنے کے اقدام کیے جار ہے ہیں۔ایک سوال پر مشتاق مہر نے کہا کہ کراچی آپریشن میں کمی واقع نہیں ہوئی۔ ایس ایس پی اینٹی کار لفٹنگ سیل عرفان بہادر کا کہنا ہے کہ شہر کے مختلف علاقوں سے چوری وچھینی گئی گاڑیوں اور موٹر سائیکلیں برآمد کرنے کا سلسلہ جاری ہے اور آج کی تقریب میں 32 گاڑیاں اور 24 موٹر سائیکلیں ان کے اصل مالکان کے حوالے کر دی گئی ہیں اور مزید دیگر گاڑیاں بھی اصل مالکان کے حوالے کر دی جائیں گی۔ اے سی ایل سی پولیس کے ہاتھوں کئی بدنام زمانہ کارلفٹر گرفتار ہو چکے ہیں۔