نیویارک (نیوزڈیسک)پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل پر زور دیا ہے کہ وہ عالمی امن کیلئے خطرہ بننے والی تنظیم دو لت اسلامیہ کو شکست دینے کیلئے جامع حکمت عملی وضع کرے اورمسئلہ فلسطین کے حل کیلئے فوری اقدامات کرے۔نیویارک میں اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے سلامتی کونسل میں ایک مباحثے میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ دولت اسلامیہ جس نے عراق اور شام کے بڑے حصوں پر قبضہ کرلیا ہے مشرق وسطی ،جنوبی افریقہ اور دوسرے خطوں کی سلامتی کیلئے خطرہ بن گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ نفرت اور بدترین تشدد کے نظریے کاپرچار کرنے والی اس تنظیم کو شکست دینے کیلئے ایک جامع حکمت عملی کی ضرورت ہے۔مشرق وسطی کے حالات پر انہوںنے کہا کہ سلامتی کونسل سے ایک ایسی قرار داد منظور کرے جس میں آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کیلئے نظام الاوقات اورلائحہ عمل شامل ہو۔پاکستانی مندوب نے ایران کے ایٹمی معاہدے کا بھی خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اگر اس معاہدے پر مکمل اور مخلصانہ عملدرآمد ہوتو اس سے نہ صرف ایٹمی عدم پھیلاﺅ میں مدد ملے گی بلکہ یہ علاقائی استحکام، تعاون اورمعاشی ترقی میں بھی معاون ثابت ہوگا۔