راولپنڈی (نیوزڈیسک) امریکی فوجی کمانڈرجنرل جان ایف کیمبل نے کہا ہے کہ مری مذاکرات میں جنرل راحیل کے مخلصانہ کردار کا اعتراف کرتے ہیں، آپریشن ضرب عضب خطے میں امن اور استحکام کے حوالے سے مددگار ہے،چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف سے ریزولیوٹ سپورٹ مشن اور امریکی افواج، افغانستان کے کمانڈر جنرل جان ایف کیمبل نے جنرل ہیڈ کوارٹرز میں ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں سکیورٹی کی صورتحال کے ساتھ ساتھ پاک افغان سرحدی علاقے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ جنرل جان ایف کیمبل نے پاکستان میں حال ہی میں ہونے والے مری امن مذاکرات میں سہولت دینے پر پاکستان اور خاص طور پر پاکستان کے آرمی چیف کی مخلصانہ کوششوں کا اعتراف کیا۔ جنرل کیمبل نے جاری آپریشن ضرب عضب کو بھی سراہا جو خطے میں امن اور استحکام کے حوالے سے مددگار ہے۔ وفود کی سطح پر بھی بات چیت ہوئی جو سرحدی رابطہ نظام کو مزید بہتر بنانے سے متعلق معاملے پر مرکوز رہی