پشاور (نیوز ڈیسک) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق وفاقی وزیر غلام احمد بلور نے کالاباغ ڈیم کے حوالے سے عمران خان کے بیان کو ملک توڑنے کی سازش قرار دیتے ہوئے پی ٹی آئی کے چیئرمین کو مناظرے کیلئے چیلنج کردیا، انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کالا باغ ڈیم بنانے کی بات کرکے تین صوبائی اسمبلیوں کی قرار دادوں کا مذاق اڑایا ہے۔ گزشتہ روز پشاور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چترال میں سیلاب کی ذمہ داری صوبائی حکومت پر عائد ہوتی ہے، صوبائی حکومت کو سیلاب کے سدباب کیلئے اقدامات اٹھانے چاہیے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کالا باغ ڈیم بنا تو خیبرپختونخوا کے چار اصلاع ڈوب جائیں گے جس میں وزیراعلیٰ پرویز خٹک کا شہر بھی شامل ہے، حکومت اگر پنچاب کو سیلاب سے بچانا چاہتی ہے تو دریائے راوی، جہلم، ستلج اور دریائے چناب پر ڈیم تعمیر کرائے کیونکہ سیلاب انہیں دریاوں پر آتے ہیں نہ کہ دریائے سندھ میں، دریائے سندھ کا پانی روکنے کیلئے داسو اور بھاشا ڈیم بنائے جائیں۔