اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) سابق صدر آصف علی زرداری کی لاہور آمد اور قیام کو حکومت مخالف سرگرمیوں بالخصوص اپوزیشن کی نئی صف بندی کے حوالے سے انتہائی اہمیت دی جا رہی ہے۔روزنامہ جنگ میں وارث حیدری کی خبر کے مطابق زرداری حکومت مخالف تمام جماعتوں کے رہنماؤں سے رابطہ کرنے کا
ارادہ رکھتے ہیں، پی ڈی ایم سے ہٹ کر حکومت کے خلاف اپوزیشن جماعتوں کی نئی صف بندی کی سرگرمیوں میں تیزی آ سکتی ہے۔ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کو پنجاب میں فعال کرنے کے لئے قاسم ضیاء اورفیصل صالح حیات کے نام زیر غور ہیں ، حتمی اعلان بلاول بھٹو کریں گے،جس کی حتمی منظوری آصف زرداری دیں گے،زرداری ان شخصیات سے بھی ملاقاتیں کر سکتے ہیں جو پی ٹی آئی کے دور اقتدار میں کسی نہ کسی حوالے سے اپنی آزاد حیثیت برقرار رکھے ہوئے ہیں۔زرداری انتخابی اصلاحات کے حوالے سے آل پارٹیز کانفرنس بلانے کی تجویز پر شہبا ز شریف سے بھی ملاقات کر سکتے ہیں، زرداری کے تمام سیاسی روابط میں یوسف رضا گیلانی اہم کردارادا کریں گے۔پی ڈی ایم سے ہٹ کر اپوزیشن کی نئی سیاسی صف بندی کے حوالے سے جماعت اسلامی کی قیادت کے ساتھ رابطے بھی خارج از امکان نہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ زرداری اس بات پر یکسو ہیں کہ حکومت کے خلاف کم سے کم نکات پر اپوزیشن کی تمام جماعتوں کو اس طرح اکٹھا کیا جائے ۔