تہران(آن لائن ) ایران کے جنوب مشرقی علاقے زرند میں ایک اسٹیل پلانٹ میں اچانک آگ بھڑک اٹھی ہے جس کے بعد شہر میں سیاہ دھویں کے بادل دیکھے گئے ہیں۔ برطانوی خبر رساں ایجنسی نے ایرانی خبر رساں ایجنسی فارس کے حوالے سے بتایا ہے کہ آتشزدگی سے کسی بھی
قسم کے جانی نقصان کی تاحال کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔ ایران کی نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی فارس نے ایک سرکاری عہدیدار کے حوالے سے بتایا ہے کہ آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔عالمی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایران کے علاقے زرند کے مقامی گورنر علی صادق زادے نے بتایا ہے کہ فائر فائٹرز اور ایمرجنسی عملہ زرند ایرانی اسٹیل پلانٹ پر تاحال موجود ہے۔ خبر رساں ایجنسی کے مطابق آگ پر مکمل قابو پانے کے بعد حالات قابو میں ہیں اور کسی قسم کے جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ گورنر علی صادق زادے کا کہنا ہے کہ اسٹیل پلانٹ کی بھٹی میں موجود پگھلے ہوئے مواد کے پریشر کے باعث زور دار دھماکہ ہوا جس کے بعد اس جگہ پر ا?گ لگ گئی اورعلاقے میں دھواں دیکھا گیا۔ خبر رساں ایجنسی کے مطابق گورنر علی صادق زادے کا کہنا ہے کہ بھٹی کے ارد گرد یا پلانٹ کے کسی دوسرے حصے میں کوئی دھماکہ نہیں ہوا تھا۔



















































