دبئی(این این آئی)متحدہ عرب امارات نے بھی ماہ شوال کے چاند کا اعلان کردیا۔اماراتی حکومت کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ امارات میں کہیں بھی عید کا چاند نظر نہیں آیا جس کے بعد (آج)بدھ کو 30 واں روزہ ہوگا۔سرکاری اعلان کے مطابق متحدہ عرب امارات میں عید جمعرات 13 مئی کو ہوگی۔دوسری جانب سعودی عرب میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا،
لہٰذی عیدالفطر 12 مئی کو نہیں ہوگی۔عرب میڈیا کے مطابق مملکت میں بدھ کو 30 روزے مکمل کیے جائیں گے اور عیدالفطر 13 مئی جمعرات کو ہوگی۔ سعودی سپریم کورٹ نے آج چاند کی رویت کے حوالے سے شہریوں سے اپیل کی تھی کہ وہ چاند نظر آنے کی شہادتیں رپورٹ کریں تاہم چاند نظر آنے کے کوئی شواہد سامنے نہیں آئے۔ادھر پاکستان میں شوال کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کل بدھ کو کراچی میں ہوگا۔خیال رہے کہ وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی علامہ طاہر اشرفی نے پہلے ہی کہا ہے کہ اس سال پوری قوم ایک ساتھ روزہ رکھے گی اور ایک ساتھ عید منائے گی۔