تل ابیب (این این آئی)لیکوڈپارٹی کے رہنما بینجمن نیتن یاہو کی حکومت سازی میں ناکامی کے بعد اسرائیلی صدر نے ان کے حریف یش ایتید پارٹی کے رہنما یائر لیپد کو نئی حکومت تشکیل دینے کی دعوت دیدی ۔میڈیارپورٹس کے مطابق اسرائیل کے صدر رووین ریولین نے حزب اختلاف کے رہنما یائر لیپد کو نئی حکومت بنانے کی دعوت دی۔
صدر نے یہ فیصلہ وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو کے حکومت بنانے کی کوشش نا کام ہوجانے کے بعد کیا ۔ انہیں اس کے لیے 28 روز کی مہلت دی گئی تھی تاہم یہ معیاد ختم ہو گئی اور وہ ایک مخلوط حکومت کے قیام میں نا کام رہے۔صدر ریولین کا کہنا تھا کہ انہوں نے کینسیٹ کی تمام جماعتوں سے صلاح و مشورہ کیا ہے اور لیپد کے پاس نئی حکومت بنانے کا ایک بہترین موقع ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ یہ پوری طرح واضح ہے کہ کینسیٹ (پارلیمان)کے رکن لیپد کے پاس حکومت سازی کا بہترین موقع ہے، گرچہ بہت سی مشکلات ہیں تاہم یہ حکومت ایوان کا اعتماد حاصل کر لے گی۔لیپد کے پاس اب دوسری جماعتوں سے صلاح و مشورہ کرنے اور نئی حکومت بنانے کے لیے چار ہفتوں کا وقت ہے۔ لیپد کا کہنا تھا کہ ایک قومی حکومت کے قیام کے لیے وہ فوری طور پراقدامات کریں گے۔ جتنی جلدی ممکن ہو سکے، تاکہ ہم اسرائیلی عوام کے لیے جلد کام کا آغاز کر سکیں۔ان کا کہنا تھاکہ ہمیں ایک ایسی حکومت کی ضرورت ہے جو اس بات کی عکاس ہو کہ ہم ایک دوسرے سے نفرت نہیں کرتے ہیں۔ ایک ایسی حکومت جس میں اعتدال پسند، بائیں اور دائیں بازو کے نظریات کے لوگ معاشی اور سکیورٹی کے چیلنجزسے نمٹنے کے لیے ایک ساتھ مل کر کام کریں گے۔ ایک ایسی حکومت جو یہ ظاہر کرے گی کہ ہمارے اختلافات کمزوری کا نہیں بلکہ طاقت کا منبع ہیں۔