اسلام آباد (نیوزڈیسک) ممبئی حملوں کے حو الے سے آوازوں کے نمونے پاکستان نے نہیں بھارت نے فراہم کرنے ہیں تاکہ انہیں پاکستان میں اگر کوئی آواز موجود ہے تواس سے ملایا جاسکے‘ علاوہ ازیں پاکستان نے بھارت سے اس حملہ کے سلسلے میں مزید ٹھوس شہادتیں فراہم کرنے کا تقاضا کرر کھا ہے جسے پورا کر نے میں نئی دہلی کی حکومت بدستورناکام ہے۔ دفتر خارجہ کے حد درجہ قابل اعتماد ذرائع نے بتایا ہے کہ بھارت اس حملے کے حو الے سے اپنا مقدمہ مکمل کرکے ذمہ دار افراد کو سزائیں بھی دے چکاہے جبکہ وہ مقدمہ جو پاکستان میں چل رہا ہے اس کے لئے مزید ثبوت بھارت سے طلب کئے گئے تھے جو طویل عرصے گزر جانے کے باوجود ابھی تک مہیا نہیں کئے گئے۔