لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) لاہور کے 60 سالہ تن ساز بابا جی ”مسٹر پاکستان“ بن گئے، اپنی صحت کو بہتر رکھنے کے لئے ورزش کرنے والے ساٹھ سالہ بزرگ استاد عبدالوحید باڈی بلڈنگ کے مقابلے میں مسٹر پاکستان بن گئے، جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق عبدالوحید جو بابا جی اور استاد جی کے نام سے مشہور ہیں کسی نوجوان باڈی بلڈر سے کم نہیں ہیں، وہ اس عمر میں بھی گھنٹوں ٹریننگ کرتے ہیں اور دیکھنے والے حیران رہ جاتے ہیں، وہ نوجوانوں سے زیادہ وزن اٹھاتے ہیں اور انہیں چیلنج کرتے ہیں کہ آئیں میرا
مقابلہ کریں۔استاد عبدالوحید کے مطابق پہلے ماسٹرز کیٹگری میں مسٹر لاہور پھر پنجاب اور اب مسٹر پاکستان بنا ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ میں نے اپنی فٹنس کے لیے کلب نہیں بنایا بلکہ نوجوانوں کے لیے بنایا،اور اس کا صرف یہ مقصد ہے کہ نوجوان کھیل کی جانب آئیں نشے کی طرف نہ جائیں، انہوں نے کہ مجھے نوجوانوں کے لئے کام کرنا ہے اگر سو برس بھی زندہ رہا تو یہی کام کروں گا۔انہوں نے خواہش کا اظہار کیا کہ اگر حکومت بین الاقوامی سطح پر میری سرپرستی کرے تو میں ملک کا نام روشن کر سکوں گا۔