کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) این اے 249 ضمنی الیکشن کے تمام 273 پولنگ اسٹیشنز کے غیرحتمی اورغیرسرکاری نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کے قادر خان مندوخیل کامیاب قرار پائے۔جیو ٹی وی کے مطابق پیپلزپارٹی کے امیدوار قادرخان مندوخیل 16156 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے،پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مفتاح
اسماعیل 15473 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔تحریک کے رہنما نذیر احمد 11125 ووٹ لے کر تیسرے، پی ایس پی کے مصطفیٰ کمال 9227 ووٹ لے کر چوتھے نمبر پر رہے، تحریک انصاف کے امیدوار امجد آفریدی 8922 ووٹ لے کر پانچویں اور ایم کیوایم کے حافظ محمد مرسلین 7511 ووٹ لے کر چھٹے نمبر پر رہے۔ایک اور نجی ٹی وی نے بھی پیپلز پارٹی کے غیرحتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق جیت کا دعویٰ کیا ہے اور ن لیگ دوسرے نمبر پر رہی ہے۔ واضح رہے کہ این اے 249 پر تحریک انصاف کے امجد اقبال آفریدی، ن لیگ کے مفتاح اسماعیل، پیپلز پارٹی کے قادر خان مندوخیل، پاک سرزمین پارٹی کے مصطفیٰ کمال، ایم کیو ایم پاکستان کے حافظ محمد مرسلین سمیت 30 امیدواروں نے ضمنی انتخاب میں حصہ لیا۔ یہ نشست پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی فیصل واوڈا کے مستعفی ہونے کے بعد خالی ہوئی تھی۔دوسری جانب ضمنی انتخاب میں اچانک جیتتے ہوئے دوسرے نمبر پر آ جانے پر مریم نواز نے ٹوئٹ کیا ہے، ان کا اپنے ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ 40 ڈگری درجہ حرارت میں دھند، مسلم لیگ ن یہ سیٹ واضح برتری سے جیت رہی تھی، پھر رزلٹس کچھ دیر کے لئے رک جاتے ہیں، پھر اچانک نتائج میں واضح فرق آ جاتا ہے،مریم نواز نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ تنبیہ کیے دیتی ہوں، اگر نتائج تبدیل کیے گئے تو یاد رکھو، مسلم لیگ ن یہ سیٹ نگلنے نہیں دے گی،مسلم لیگ (ن) اب اپنا حق لینا سیکھ چکی ہے۔