لاہور (آن لائن) پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن نے12اشخاص کی آنکھوں کے غلط آپریشنز کی تحقیقات مکمل کر لیں، ہسپتال کو5 لاکھ ر روپے جرمانہ اورمتعلقہ ڈاکٹر کا کیس مزید کارروائی کے لیے پاکستان میڈیکل کمیشن اورمحکمہ صحت کوبھجوا دیا۔ تفصیلات کے مطابق لئیق رفیق ہسپتال ،ملتان ،میں گزشتہ ماہ 16افراد کی آنکھوں کے آپریشنز
کیے گئے مگردو روزبعدہی 12اشخاص کوشدیدانفیکشن ہوگئی اوربعدازاںانکی بینائی جاتی رہی۔اِس مبینہ غفلت پر ابتدائی کارروائی کر تے ہوئے کمیشن کی چار رکنی ٹیم نے نجی ہسپتال کے آپریشن تھیٹرزسربمہرکر کے علاج معالجہ کی تفصیلات حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ تمام ریکارڈ قبضہ میںلے لیاتھا۔علاوہ ازیںہسپتال کی سینئرانتظامیہ، آپریشنز کرنیوالے ڈاکٹرمحمد حسنین احمد اور عملہ کے بیانات بھی قلمبندکیے گئے۔پی ایچ سی کے چیف ایگزیکٹو آفیسراور کمیشن کے اعلی افسران نے بھی صورتحال کا مکمل جائزہ لینے اور تحقیقات کے لیے لئیق رفیق ہسپتال کا دورہ بھی کیا۔چیئر پرسن پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن پروفیسر ڈاکٹر عطیہ مبارک خالد نے فیصلہ کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ کمیشن نے تمام حالات و واقعات کا غیر جانبدرانہ جائزہ لینے کے بعدتحقیقات مکمل کرکے لئیق رفیق ہسپتال کو پانچ لاکھ روپے (پی ایچ سی ایکٹ 2010ء کے تحت آخری حد)جرمانہ عائد کردیاہے۔ ڈاکٹر حسنین کو اِس المیہ کا اصل ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے فوجداری کارروائی تجویز کرنے کے ساتھ ساتھ اُس کا کیس پاکستان میڈیکل کمیشن اورمحکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کواپنے اپنے متعلقہ قوانین کے تحت مزید کارروائی کے لیے بھجوا دیاگیا ہے ۔واضح رہے کہ ڈاکٹر حسنین تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتال شجاع آباد میں آئی کنسلٹینٹ کے طور
پر بھی کام کر رہاہے۔علاوہ ازیں ڈاکٹر حسنین کاخانیوال روڈملتان پر واقع نجی کلینک فراہمیِ صحت کے کم سے کم معیارات پر عدم عملدرآمد کے سبب سیل کر دیا گیاہے۔ فیصلہ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ متاثرین بحوالہ فیصلہ اندراجِ مقدمہ کے لیے پولیس کو درخواست دے سکتے ہیں۔مزید برآں کمیشن نے واقعہ کی مکمل رپورٹ حکومتِ پنجاب کو بھی بھجوادی ہے۔