اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک، آن لائن)وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید کی لال حویلی کے باہر مظاہرین کی بڑی تعداد جمع ہوگئی اورعمارت کاگھیرائو کر لیا، میڈیا رپورٹس کے مطابق مظاہرین کی جانب سے شیخ رشید کے خلاف نعرے بازی کی جارہی ہے اور مطالبہ کیا جارہاہے کہ انہیں
عہدے سے ہٹایا جائے ۔ مظاہرین کی بڑی تعداد کو دیکھتے ہوئے پولیس کی بھاری نفری کو تعینات کر دیا گیا جبکہ رینجرز کو بھی طلب کر لیا گیاہے ،دوسری جانب وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی۔تفصیلات کے مطابق کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے شہر کے تمام داخلی وخارجی راستوں پرپولیس کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔تمام اہم مقامات اور تنصیبات پر بھی پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ امن و امان کو برقرار رکھنے کیلئے تمام تر اقدامات اٹھائے جائیں گے۔پولیس کا کہنا ہے کہ کسی بھی شاہراہ کوبلاک کرنیکی اجازت نہیں دی جائے گی، شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کیلئے ہرممکن اقدامات اٹھائیں گے۔ترجمان پولیس نے اپیل کی ہے کہ شہری امن و امان کو برقرار رکھنے میں پولیس کاساتھ دیں۔