اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک /این این آئی )کائونٹی کرکٹ میچ کے دوران قومی فاسٹ بولر نے صرف 17گیندوں پر پانچ کھلاڑی آئوٹ کرنے کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا ۔ تفصیلات کے مطابق کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق محمد عباس کائونٹی کرکٹ کیلئے انگلینڈ میں ہیں انہوں نے 17بالز پر پانچ کھلاڑی آئوٹ کر کے نیا کارنامہ سرانجام دیا ہے ۔ ان کی پانچ وکٹوں میں ہیٹرک بھی شامل ہے ۔
محمد عباس نے دو اعشاریہ پانچ اوورز میں تین رنز دیکر پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا،دو اعشاریہ پانچ اوورز میں انکا ایک میڈن اوور بھی شامل تھا۔دوسری جانب قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ جو پیار مجھے مداحوں اور خاص کر پاکستانیوں سے ملتا ہے اس کا شکریہ الفاظ میں ادا نہیں کیا جا سکتا ہے۔بابر اعظم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر گزشتہ روز کھیلے گئے شاٹس اور سنچری بنانے کے بعد کے لمحات کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ یہ سب آپ کے اعتماد اور بھروسے کے بغیر ممکن نہیں تھا۔قومی ٹیم کے کپتان نے مداحوں کا شکریہ بھی ادا کیا اور دعا، حمایت جاری رکھنے کا بھی کہا۔واضح رہے کہ بابراعظم نے تیسرے ٹی 20 میں جنوبی افریقا کے 204 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 122 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی اور ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروایا تھا۔ میچ میں 122 رنز صرف 59 گیندوں پر بنائے، اس دوران انہوں 15 چوکے اور 4 چھکے لگائے۔پاکستانی بلے باز بابر اعظم اور محمد رضوان نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے جنوبی افریقی باؤلرز کے چھکے چھڑا دئیے، بابر اعظم کو عمدہ بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔بابراعظم نے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کی جانب سے تیز ترین سنچری بنانے کا اعزاز بھی حاصل کرلیا جبکہ انہوں نے ٹی ٹوئنٹی میں سب سے زیادہ اسکور بنانے کا اعزاز بھی اپنے نام کرلیا۔ بابراعظم کی یہ اننگز بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں کسی بھی پاکستانی کھلاڑی کی سب سے بڑی انفرادی اننگز ہے، اس سے قبل یہ اعزاز احمد شہزاد کے پاس تھا انہوں نے بنگلہ دیش 111 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی تھی، اس میچ میں بابر اعظم کے حصے میں سب سے بڑی انفرادی اننگز کا ریکارڈ بھی آیا۔