لاہور (نیوز ڈیسک) سابق فاسٹ بولر وسیم اکرم اکثر یہ شکوہ کرچکے ہیں کہ وہ قومی پلیئرز کی کوچنگ کیلئے تیار ہیں تاہم پی سی بی انہیں یاد کرے گی تو ہی بات بنے گی۔ دیر سے ہی سہی تاہم پی سی بی نے آخر کار وسیم اکرم کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ وسیم اکرم پی سی بی کے آئندہ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے ذریعے منتخب ہونے والے فاسٹ بولرز کی تربیت کریں گے۔تفصیلات کے مطابق پی سی بی23 جولائی سے ملک کے پانچ شہروں میں ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام شروع کر رہا ہے۔ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام میں منتخب ہونے والے فاسٹ باولر دو ہفتوں کے لیئے وسیم اکرم سے تربیت حاصل کرینگے۔ 23 جولائی سے شروع ہونیوالے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا پہلا کیمپ پشاور میں لگایا جائے گا۔ 27 جولائی کو میر پور، 30جولائی کو سکھر اور 31 جولائی کوکوئٹہ میں کیمپ لگے گا۔ ہیڈ کوچ نیشنل کرکٹ اکیڈمی محمد اکرم ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے سربراہ ہوں گے تاہم تربیت کے لئے وسیم اکرم کی خدمات حاصل کی جائیں گی ۔