اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) دارالحکومت اسلام آباد میں بھی احتجاج جاری،بارہ کہو کے علاقے اٹھال چوک میں دھرنے کے باعث بارہ کہو سے مری جانے والی سڑک ٹریفک کے لیے بند کردی گئی جس کے نتیجے میں شہریوں کو آمد و رفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔جی ٹی روڈ دینہ بھی ٹریفک کے لیے بند ہو گئی ہے جس کے باعث
گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں اور گزشتہ رات سے پھنسے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔دوسری جانب فیض آباد انٹرچینج پر رینجرز، ایف سی اور پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے جبکہ فیض آباد اور گرد و نواح میں موبائل سروس بھی معطل کر دی گئی ہے۔احتجاج کے پیش نظر فیض آباد اور اطراف میں موبائل انٹرنیٹ سروس معطل ہونے کے نتیجے میں صارفین کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، آن لائن کلاسز لینے والے طلبا و طالبات، اساتذہ، امتحانات دینے اور کلاس لینے والے طلبہ کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔دریں اثنااسلام آباد میں ٹریفک کی خراب صورتحال کے سبب اسلام آباد ٹریفک پولیس کی جانب سے ڈھوکری چوک، بھارہ کہو، کشمیر چوک، ترنول، روات ٹی کراس، فیض آباد اور آئی جے پی روڈ کے لیے متبادل ٹریفک پلان جاری کر دیا گیا ہے۔اسلام آباد ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری کیے گئے متبادل پلان میں کہا گیا ہے کہ مری سے اسلام آباد کے لیے شاہ پور ویلیج سے سملی ڈیم روڈ، پھر پرنس
روڈ استعمال کریں، مری جانے والے مسافر حضرات پارک روڈ سے بنی گالہ کا راستہ اپنائیں۔ٹریفک پولیس کے مطابق روات ٹی کراس جانے کے لیے پشاور روڈ استعمال کریں جبکہ ترنول جانے کے لیے موٹروے اور آئی جے پی جانے کے لیے نائنتھ ایونیو کا استعمال کریں۔ٹریفک پولیس اسلام آباد کا کہنا ہے کہ راول ڈیم روڈ، ترامڑی چوک، فیصل ایونیو،ایکسپریس وے، مارگلہ روڈ، جناح ایونیو، سرینگر ہائی وے، اتاترک ایونیو، کانسٹیٹیوشن ایونیو، الیونتھ، ٹینتھ، نائینتھ اور سیون ایونیو پر بھی ٹریفک معمول کے مطابق رواں دواں ہے۔