کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک /این این آئی) پولیس نے خاتون کو بلیک میل کرنیوالے چاروں ملزمان کو گرفتار کرلیا، خاتون نے ملزمان کی بلیک میلنگ سے تنگ آکر خود کشی کرلی تھی۔تفصیلات کے مطابق بلیک میلنگ سے تنگ خاتون کی خودکشی کے واقعے پر ایس ایس پی سینٹرل ملک مرتضی نے بتایا ہے کہ بلیک میل کرنیوالے چاروں ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے، ملزمان میں وقاص،
فرحان،ارتضی اور شاہد شامل ہیں۔ملک مرتضی کا کہنا تھا کہ وقاص نامی لڑکے نے خاتون کی قابل اعتراض ویڈیو بنائی اور فرحان نے خاتون کی قابل اعتراض ویڈیوسوشل میڈیا پر وائرل کی۔ایس ایس پی سینٹرل نے بتایا کہ وقاص اور فرحان معاملے کے مرکزی کردار ہیں، وقاص نے ویڈیو دکھا کر بلیک میل کرنا شروع کیا تھا جبکہ گرفتار ملزم شاہد پولیس اہلکاراورشاہراہ نورجہاں تھانے میں تعینات ہے۔یاد رہے کراچی کے علاقے شادمان ٹاون میں خاتون کی بلیک میلنگ سے تنگ آکر خودکشی کرلی تھی، خاتون نے خودکشی سے قبل اپنی دوست کو آڈیو بیان بھیجا تھا، جس میں خاتون نے بلیک میلنگ سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ محلے کے لوگ اسے بلیک میل کر رہے ہیں،اس کے ساتھ جعلی نکاح کر کے ویڈیو بنائی گئی۔خاتون نے بتایا کہ کئی لڑکے ہیں جو مجھے بلیک میل کررہے ہیں، جعلی نکاح کرکے میری ویڈیوبنائی گئی اور پھروائرل کی گئی، آڈیو میسج میں مجھے ہراساں کررہے ہیں، جو قدم اٹھانے جا رہی ہوں وہ میری زندگی کا اختتام ہے، میرے لئے دعا کرنا مجھے معاف کردینا۔بعد ازاں خاتون کی خودکشی کے واقعے کا مقدمہ شارع نورجہاں تھانے میں درج کرلیا گیا۔مقدمہ متوفیہ کے بھائی کی مدعیت میں چھ لڑکوں کیخلاف درج کیا گیا تھا۔